پشاور۔ ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے ناران بازار اور بیسر میں واقع ناران کے سب سے بڑے ریسٹورانٹ کو ٹیکس کی عدم ادائیگی پر سیل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل کلکٹر نارتھ عمر ارشد خان کی خصوصی ہدایت پر کیپرا کی ٹیم نے ناران بازار اور بیسر میں واقع مون ریسٹورانٹ کے دونوں شاخوں کو موقع ہی پر سیل کر دیا۔ ڈپٹی کلکٹرراحیل اقبال، اسسٹنٹ کلکٹر وقار احمد، ڈی پی او دلاور خان پر مشتمل کیپرا کی ٹیم نے منگل کے روز چھاپہ مار کارروائی کے دوران مون ریسٹورانٹ کو سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر سیل کر لیا۔ مون ریسٹورانٹ کے ذمّے 45 لاکھ روپے کا سیلز ٹیکس واجب الادا ہے جس کی عدم ادائیگی پر ہوٹل کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کلکٹر راحیل اقبال نےٹیکس نادہندگان کو خبردار کیا کہ اس طرح کی کاروائیوں سے بچنے کے لیے اپنا ٹیکس بروقت ادا کریں۔ ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہماری زمہ داری ہے اور اس ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عوام سے چارج کیا گیا سیلز ٹیکس آن سروسز سرکاری خزانے تک پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ مون ریسٹورانٹ کی انتظامیہ کو متعدد نوٹسز جاری کئے گئے تھے اور ان کو اپنا پورا ٹیکس جمع کرانے کی باربار ہدایات جاری کی گئی تھیں تاہم ان کی طرف سے کسی قسم کی پش رفت سامنے نہ آنے پر ان کے خلاف خیبرپختونخوا سیلزٹیکس ان سروسز ایکٹ 2022 کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی۔