خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کا ہزارہ ڈویژن کے ٹی ایم ایز کے اہلکاروں کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

پشاور۔ سروسز پر صوبائی سیلز ٹیکس اور سیلز ٹیکس ویدہولڈنگ ریگولیشنز 2020 سے متعلق آگاہی اور تربیت کے لئے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ہزارہ ڈویژن کے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم ایز) کے اہلکاروں کے لئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

تربیتی ورکشاپ کا انعقاد جرمن ادارے جی آئی زیڈ (GIZ) کے تعاون سے نتھیاگلی کے ایک ہوٹل میں کیا گیا جس میں خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے افسران کی جانب سے سیلز ٹیکس آن سروسز ویدہولڈنگ ریگولیشنز 2020 پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ان کو سیلز ٹیکس کی ویدہولڈنگ کرانے اور اس کے گوشوارے جمع کرانے کے طریقہ کار پر ڈیمو دیاگیا۔

کیپرا کی ڈپٹی کلکٹر ویدہولڈنگ ثنا امتیاز اور اسسٹنٹ کلکٹر نارتھ وقار احمد نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور ورکشاپ کے شرکاء کو سیلز ٹیکس آن سروسز کے حساب کتاب کا طریقہ کار اور گوشوارے جمع کرانے کے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔

اس موقع پر کیپرا کے ایڈیشنل کلکٹر نارتھ عمر ارشد خان نے ٹی ایم ایز کے اہلکاروں کا ورکشاپ میں تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا اور اپنی ٹیم کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ورکشاپ میں تعاون فراہم کرنے پر جی آئی زیڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انکا کہنا تھاکہ سیلز ٹیکس آن سروسز ہمارے صوبے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے کیونکہ اسی ٹیکس کے پیسوں سے حکومت خیبر پختونخوا اعوامی فلاح و بہبود کے کام سر انجام دیتی ہے۔ ہمیں آپ سب کے تعاون کی ضرورت ہے اور ہماری یہ کوشش رہے گی کہ آپ کے کام میں جتنا ممکن ہو آسانی فراہم کی جائے۔

ورکشاپ میں کیپرا کے فسیلیٹیشن آفیسر جواد کیانی نے شرکاء کو گوشوارے جمع کرانے اور ٹیکس چارج کرانے اور کیپرا کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے طریقہ کار پر لائیو ڈیمو دیا۔

اس موقع پر شرکاء نے ورکشاپ منعقد کرانے پر کیپرا اور جی ائی زیڈ کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ کیپرا کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے اور ملک اور صوبہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Dated:26-10-2021
Top