نتھیاگلی: سروسز پر صوبائی سیلز ٹیکس اور سیلز ٹیکس ویدہولڈنگ ریگولیشنز 2020 سے متعلق آگاہی اور تربیت کے لئے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب نارتھ ریجن کے مختلف اداروں میں کام کرنے والے ویدہولڈنگ ایجنٹس کے لئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
تربیتی ورکشاپ کا انعقاد امریکی ادارے برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ کے تعاون سے ہوٹل ایلیٹس نتھیاگلی میں کیا گیا، جس میں خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے افسران کی جانب سے سیلز ٹیکس آن سروسز ویدہولڈنگ ریگولیشنز 2020 پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شرکاء کو سیلز ٹیکس کی ویدہولڈنگ کرانے اور اس کےماہانہ گوشوارے جمع کرانے کے طریقہ کارسے متعلق تربیت دی گئی اور ان کے سامنے کیپرا کے پورٹل پر ویدہولڈنگ اسٹیٹمنٹ جمع کرانے کی مشق بھی کی گئی۔ شرکاء میں نارتھ ریجن میں واقع مختلف یونیورسٹیوں، تعلیمی بورڈز، ڈیولپمنٹ اتھارٹیز، کالجز اور ڈبلیو ایس ایس سیز کے نمائندے شامل تھے ۔
ایڈیشنل کلکٹر نارتھ ریجن عمر ارشد خان نے اپنے خطاب میں شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ویدہولڈنگ ایجنٹس کے کردار اور انکی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کیپرا کے سالانہ ریونیو اہداف حاصل کرنے میں ویدہولڈنگ ایجنٹس کا کلیدی کردار ہے ہمیں آپکے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔ اور ہمارا عملہ آپکو ہر ممکن سہولت و آسانی فراہم کرے گا۔ کیپرا کی ریونیو کلیکشن حکومت کے ترقیاتی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ اس وقت کیپرا خیبر پختونخوا کے زاتی محاصل کا ستر فیصد حصہ جمع کررہا ہے جس میں ویدہولڈنگ ریجیم سے کافی زیادہ ٹیکس کی کلیکشن کی جارہی ہے۔ عمر ارشد خان نے یو ایس ایڈ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جلد ہی یونیورسٹی کے طلباء کے لئے یونیورسٹیز جا کر سیمینارز کا انعقاد کرنے جارہے ہیں تاکہ صوبے میں ٹیکس کلچر کو فروغ ملے۔
کیپراکے ڈپٹی کلکٹر نارتھ ریجن راحیل اقبال نے ورکشاپ کے شرکاء کو سیلز ٹیکس آن سروسز کے کا طریقہ کار اورماہانہ گوشوارے جمع کرانے کے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں اور انہیں بتایا کہ صوبائی قوانین کے تحت سیلز ٹیکس آن سروسز کی ویدہولڈنگ ان کی قانونی ذمہ داری ہے اور کیپرا کا عملہ ہر ممکن کوشش کرے گا کہ ان کے لئے ہر ممکن آسانی پیدا کرے۔
شرکاء کو کیپرا کے جواد روؑف کیانی نے کیپرا کے پورٹل پر ویدہولڈنگ اسٹیٹمنٹ جمع کرانے کی مشق بھی کرائی۔
یوایس ایڈ کے پبلیک اوٹ ریچ سپشلیسٹ نوید یوسفزئی نے یقین دہانی کرائی کہ یوایس ایڈ کے تعاون سے ہم عوام اور وید ہولڈنگ ایجنٹس کو کیپرا کی بارے میں مکمل اگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہینگے۔ ہمارا ادارہ صوبے میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لیے کیپرا کے ساتھ تعاون جاری کرے گا۔ اور اس طرح کے مزید ورکشاپس کا انعقاد چترال، بنوں اور دیگر اضلاع میں کیا جائے گا۔
اس موقع پر شرکاء نے ورکشاپ منعقد کرانے پر کیپرا اور یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ کیپرا کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے اور ملک اور صوبہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔